جہازوں کے جی پی ایس، جی این ایس ایس سگنلز میں خلل سے متعلق خبروں کی تردید

Published On 25 October,2023 06:25 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایئرپورٹ کے قریب جہازوں کے جی پی ایس، جی این ایس ایس سگنلز میں خلل سے متعلق خبریں درست نہیں۔

 

پاکستان کی فضائی حدود میں طیاروں کو ایئرٹریفک سروسز کی فراہمی معمول کے مطابق ہے، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے فراہم کردہ تمام زمینی آلات درست کام کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ جی پی ایس ( گلوبل پوزیشننگ سسٹم) یو ایس اے کی ملکیتی یوٹیلیٹی ہے، یہ جی پی ایس سیٹلائٹس کا ایک نیٹ ورک ہے جو زمین کے گرد چکر لگا رہے ہیں، سپیس ویدرایونٹ ائینو سفیریک ڈسٹربنس، جی پی ایس، جی این ایس ایس گلوبل نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹم کی کارکردگی پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔

اس ائینوسفیرک ڈسٹربنس، خلل کا کسی بھی زمینی آلات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا، ائینوسفیریک ایکٹیویٹی سورج کی تابکاری کے زمینی فضا پر اثرات سے پیدا ہوتی ہے، ائینوسفیریک ایکٹیویٹی کے اثرات زمین کی بالائی فضا میں 50 سے 1000 کلومیٹر تک محسوس کئے جا سکتے ہیں۔

لامحالہ ائینوسفیریک ڈسٹربنس متاثرہ علاقے میں ہوائی جہازوں کو موصول ہونے والے سیٹلائٹ جی پی ایس سگنلزمیں خلل ڈال سکتی ہے، ائینوسفیریک ڈسٹربنس یا ایکٹیویٹی اور اس سے پیدا ہونے والے اثرات کا ایئرپورٹس پر لگے آلات سے کوئی تعلق نہیں۔