لاہور:(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کے ترجمان نے تحریک انصاف کے مظاہرے کے دوران چیف جسٹس کی گاڑی پر پتھراؤ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔
ہائیکورٹ ترجمان نے کہا کہ بعض قومی نیوز چینلز، نیوز ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر نشر ہونے والی خبر جس میں لاہور میں احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی گاڑی پر پتھراؤ کا ذکر کیا گیا وہ بے بنیاد ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ لاہور میں احتجاج کے دوران ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ یا ہائی کورٹ کے کسی بھی معزز جج کے ساتھ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ نیوز چینلز، نیوز ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر چلنے والی ایسی تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔