کوئٹہ میں کوئی پٹرول بحران نہیں، خبریں بے بنیاد ہیں: ترجمان بلوچستان حکومت

Published On 15 June,2025 07:17 pm

کوئٹہ :(دنیا نیوز) ترجمان بلوچستان حکومت کا کوئٹہ میں پٹرول کے بحران بارے بیان سامنے آگیا۔

صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے بیان میں شاہد رند کا کہنا  تھا کہ میں پٹرول بحران بارے افواہیں سمگلرز کی جانب سے پھیلائی جاررہی ہیں، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، ایسی خبریں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی پٹرول پمپ سنگین سکیورٹی خطرات اور حادثات کا موجب ہیں،ایک ماہ میں 28 ایرانی پٹرول پمپ میں حادثات میں عوام کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، ایئر پورٹ روڑ اور ہزار گنجی سمیت مختلف مقامات پر ایسے حادثات رونما ہوئے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ ایرانی پٹرول اور سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے، پٹرول بحران ایرانی پٹرول چھوڑنے کا مطالبہ سمگلرز کی جانب سے کیا جاررہا ہے، قانونی پٹرول کی دستیابی کے لیے  پمپس کو پابند کیا جارہا ہے۔

شاہد رند کا مزید کہنا تھا کہ پٹرول پمپس کے سٹوریج چیک کرکے قانونی پٹرول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، قانونی پٹرول کی عدم دستیابی سے متعلق شکایات ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں دی جاسکتی ہے،کوئی بھی پمپ پٹرول دینے سے حیل و حجت کرے تو کارروائی ہوگی۔