نارتھ کیرولینا: (روزنامہ دنیا) شکستہ ہڈیوں کو جوڑنے کے سلسلے میں اب ایک اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
سائنسدانوں نے بڑی محنت سے ایک نئی پٹی بنائی ہے جس میں ایڈینوسائن کو شامل کیا گیا ہے جو ہڈیوں کی مرمت کو تیز تر کرتا ہے۔ ڈیوک یونیورسٹی امریکہ میں پروفیسر شائنی ورگیسے اور ان کے ساتھیوں نے چوٹ کی جگہ پر ایڈینوسائن کو راغب کرنے اور مجتمع کرنے کا ایک طریقہ بنایا ہے اور اسے ایک پٹی پر جمع کرکے براہِ راست ٹوٹی ہڈی پر لگایا جاسکتا ہے۔
بینڈیج پر ایک خاص کیمیکل، بورونیٹ کی کچھ مقدار بھی ڈالی گئی ہے جو ایڈینوسائن کے سالمات کو تھامے رکھتے ہیں۔ جیسے ہی پٹی کو ہڈی پر لگایا جاتا ہے بورونیٹ اور ایڈینوسائن کے درمیان مضبوط بند کمزور ہوجاتا ہے اور ایڈینو سائن خارج ہو کر متاثرہ مقام تک پہنچتا ہے۔
ہڈیوں کو ایڈینوسائن کی خاص مقدار درکار ہوتی ہے۔ یہ پٹی گنٹھیا اور جوڑوں کے درد میں مبتلا خواتین و حضرات کیلئے نہایت مؤثر ہے۔ چوہوں پر تجربات کی کامیابی کے بعد ان پٹیوں کو انسانوں پر لگانا اگلا اہم مرحلہ ہوگا جس میں ایسی پٹی درکار ہوگی جو جسم کی ہڈیوں میں آپریشن سے لگائی جائے گی اور وہ اپنا کام کر کے خودبخود گھل کر غائب ہو جائے گی۔