سگریٹ نوش افراد میں کرونا سے متاثر ہونے کے 10 فیصد تک زیادہ امکانات

Last Updated On 19 March,2020 11:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) سگریٹ پینے والے مرد اور خواتین بھی اِس عادت سے جان چھڑائیں، عام افراد کی نسبت سگریٹ نوشوں کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے امکانات کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔

وفاقی وزارت صحت کی پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا جا چکا ہے کہ ہمارا ملک سگریٹ نوشی کرنے والے پہلے 15 ممالک میں شامل ہے۔ 31.8 فیصد مردوں کے ساتھ 5.8 فیصد خواتین بھی سگریٹ نوشی کی شوقین ہیں جبکہ سگریٹ نوش نوجوانوں کی تعداد 19 فیصد کے قریب ہے۔

بلاشبہ سگریٹ نوشی صحت کے بے شمار مسائل پیدا کرتی ہے جس کی ایک طویل فہرست ہے، اِس کے باوجود سگریٹ نوشی کے رجحان میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے اور اب کرونا وائرس نے سگریٹ نوشی کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔

عام افراد کی نسبت سگریٹ نوش افراد کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے 5 سے 10 فیصد زیادہ امکانات سامنے آئے ہیں۔ اب فیصلہ سگریٹ نوش افراد کے ہاتھ میں ہے کہ اُنہیں سگریٹ نوشی اور صحت میں سے کیا زیادہ عزیز ہے۔