کورونا وائرس کے بعد ڈینگی کا خطرہ، لاروا تلف کرنے کیلئے اسپرے شروع

Last Updated On 29 April,2020 09:26 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے بعد ڈینگی کے خطرات منڈلانے لگے۔ لاروا تلف کرنے کے لیے اسپرے شروع کر دیا گیا جبکہ ٹیمیں گھر گھر جا کر شہریوں کو خبردار بھی کر رہی ہیں۔

کورونا وباء کے بعد ڈینگی بھی دستک دینے کو تیار، راولپنڈی انتظامیہ اس بار ڈینگی کے خلاف پیشگی اقدامات کے لیے متحرک ہو گئی، لاروا کو مچھر بننے سے پہلے ہی تلف کرنے کے لیے اسپرے کا آغاز کر دیا گیا۔

راولپنڈی کی مختلف یونین کونسلز میں انسداد ڈینگی کی ٹیمیں گھر گھر جا کر پانی کی ٹنکیاں، چھتیں اور فریج سمیت دیگر جگہوں کا معائنہ کر رہی ہیں۔

ڈینگی لاروا موسم گرما کے آغاز پر کھڑے صاف پانی میں پیدا ہوتا ہے اور پھر گرمی میں اضافے کیساتھ ہی مچھر بن جاتا ہے۔ بروقت اسپرے سے لاروا ختم نہ کیا جائے تو مچھر میں تبدیل ہونے کے بعد اس پر قابو پانا مشکل ہو جاتا ہے۔ راولپنڈی انتظامیہ کے مطابق اس وقت کورونا کا بڑا چیلنج درپیش ہے تاہم ڈینگی سے نمٹنے کے لیے بھی بروقت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے گزشتہ برس جنوری سے دسمبر تک ملک بھر میں ڈینگی کے 53 ہزار 640 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 95 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔