کورونا کا مریض 10 روز بعد وائرس نہیں پھیلا سکتا: تحقیق

Last Updated On 29 May,2020 09:07 am

لاہور: (سید سجاد کاظمی سے) نئی ریسرچ کے مطابق کورونا کا مریض 10 روز بعد دوسروں تک وائرس نہیں پھیلا سکتا۔

اکیڈمی آف میڈیسن اور سنٹر فار انفیکشن ڈیزیز سنگا پور نے دیگر حوالہ جات کے ساتھ کورونا سے متعلق نئی تحقیق جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علامات کے دو روز قبل اور علامات کی تاریخ سے 10 دن بعد کورونا کا مریض دوسروں تک وائرس پھیلانے کی صلاحیت کھو دیتا ہے لہذا امریکہ ، برطانیہ سمیت دیگر ممالک کو نئی ریسرچ کے مطابق ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ10 روز بعد مریض کا نیگٹیو ٹیسٹ کرائے بغیر اسے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیں۔

یعنی اب امریکہ میں کورونا پازیٹو آنے کے بعد مریض کا دوبارہ ٹیسٹ کرانے کے بجائے اسے دس روز بعد گھر جانے کی اجازت دے دی جاتی ہے کیونکہ ماہرین کے مطابق علامات سے دو روز قبل اور 10 دن بعد کورونا کا مریض وائرس دوسرے شخص تک نہیں پھیلا سکتا، چاہے اس کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو ہی کیوں نہ ہو۔

ماہرین کے مطابق ایسے مریضوں کا ٹیسٹ تین ماہ تک پازیٹو آتا رہتا ہے مگر کورونا نہ تو اسے متاثر کرتا ہے اور نہ ہی دوسروں تک پھیلتا ہے۔