نیو یارک: (ویب ڈیسک) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں پائی جانے والی کسی بھی کامیاب کوروناوائرس ویکسین کی عالمی سطح پر تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویکسین بنانے سے متعلق بلائے گئے ورچوئل اجلاس سے پہلے برطانوی خبر رساں ادارے سے خصوصی بات کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں عالمی رہنماؤں اور کچھ دولت مند کمپنیوں اور افراد نے ویکسین کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے 7.4 بلین ڈالر ڈالر تک فنڈ جمع کرنا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ویکسین کی آج کہیں زیادہ اہمیت ہے۔ اس میں حصہ ڈالنے سے ہم کئی انسانی جانوں کو بچانے کو بچا سکتے ہیں۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے بل گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ جمع کیے جانے والے پیسوں سے دنیا کے غریب ترین ممالک کے لیے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی تیاری میں مدد ملے گی اور اس سے پولیو، ٹائیفائیڈ اور خسرہ جیسی مہلک بیماریوں سے بھی حفاظتی قطرے پلانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس جیسی وبائی مرض نے دنیا بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی مہمات کو روک دیا ہے، جس کا صاف مطلب یہ ہے کہ تقریباً 80 ملین (8 کروڑ) بچے معمول کے حفاظتی ٹیکوں سے محروم ہو گئے ہیں۔
بل گیٹس نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کے بارے میں غلط معلومات سے بیماریوں جس میں کورونا وائرس کی وبا بھی شامل ہے سے نمٹنے کی کوششوں کو خطرہ لاحق ہے۔