ملتان: (دنیا نیوز) نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا کا شکار مریضوں کیلئے صرف 10 وینٹی لیٹرز مختص کیے گئے ہیں، مریضوں کی تعداد بڑھنے پر ڈاکٹروں نے وینٹی لیٹرز مشینیں بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔
ملتان میں کورونا وائرس پھیلنے کے باعث تین مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاون کیا گیا ہے، اسی لیے نشتر ہسپتال میں برن یونٹ سمیت چار وارڈز کو کورونا کے مریضوں کیلئے ہی مختص کیا گیا ہے لیکن مریضوں کی تعداد بڑھنے کے باوجود وینٹی لیٹرز مشینوں کی تعداد صرف 10 ہے جس کی وجہ سے ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں کی اکثریت کو سیلف قرنطینہ کے مشورے دے کر گھروں کو روانہ کرنا شروع کر دیا ہے جس پر مریضوں کے لواحقین پریشان ہیں۔
پی ایم اے کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کے حوالے سے صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے اسی لیے حکومت نئے وینٹی لیٹرز دینے کیساتھ چودہ روز کیلئے مکمل لاک ڈاون بھی کرے۔
ضلعی انتظامیہ بھی کورونا کو کنٹرول کرنے کیلئے فراہم کی گئی ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں تا حال سنجیدہ نہیں جس کی وجہ سے مسائل مسلسل بڑھ رہے ہیں۔