فیصل آباد: سموگ سے ائیر کوالٹی انڈیکس 400 سے تجاوز، شہری بیمار پڑنے لگے

Published On 18 January,2021 10:57 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں فضائی آلودگی زیادہ ہونے سے دھند کے ساتھ سموگ شامل ہو کر فضا کو مضر صحت کیے ہوئے ہے، طبی ماہرین کہتے ہیں ائیر کوالٹی انڈیکس زیادہ ہونے سے مضر صحت فضا سے شہری بھی متاثر ہو کر بیمار پڑ رہے ہیں۔

حالیہ دنوں سے میدانی علاقوں کی طرح فیصل آباد بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہے ، روئی کے گالوں کی طرح پڑتی دھند میں آلودہ بادل مل کر سموگ بنا دیتے ہیں۔ گردوغبار اور دھواں دھواں ہوئی فضا شہریوں کے لیے انتہائی مضر صحت ہو چکی ہے، ائیر کوالٹی انڈیکس 400 سے تجاوز کر چکا، شہری ایسی فضا سے بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔

دھند کے ساتھ فضائی آلودگی کو بڑھانے والے عوامل کے خلاف محکمہ ماحولیات کے افسران کاروائیاں کرنے کا صرف دعوی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب طبی ماہرین کہتے ہیں کہ سموگ کے باعث آنکھوں ،سانس ، خشک کھانسی اور دل سمیت دیگر بیماریوں میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ طبی ماہرین کے مطابق دھند کے اندر فضائی آلودگی کے باعث شامل ہونے والے مرکب انتہائی مضر صحت ہیں، شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور سموگ کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں۔
 

Advertisement