فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے سول ہسپتال میں کورونا کے پھیلاو کو روکنے اور ہسپتال میں آنے والے افراد کے ہاتھ دھونے کیلئے بنایا گیا ہینڈ واش ایریا انتظامی غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا۔
کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے سب سے بنیادی احتیاط ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھونا ہے۔ فیصل آباد کے سول ہسپتال میں آنے والے مریضوں اور دیگر افراد کے ہاتھ دھونے کیلئے ہینڈ واش ایریا قائم کیا گیا تھا جو فعال ہونے کے کچھ عرصہ بعد ہی بدحالی کا شکار بن گیا۔ اب ہینڈ واش ایریا گندگی اور غلاظت سے بھرا دکھائی دیتا ہے۔ نہ صابن کا انتظام ہے اور نہ ہی ہینڈ سینی ٹائزر نظر آتے ہیں۔
ادویات اور چیک اپ کی پرچی حاصل کرنے والے مریضوں کی بھی بغیر مناسب فاصلہ رکھے لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں جبکہ سول ہسپتال کے فوکل پرسن ڈاکٹر اسحاق کی تو گنگا ہی اُلٹی بہتی ہے۔ کہتے ہیں کہ کورونا سے بچاو کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
ماہرین صحت کہتے ہیں کہ کورونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ہاتھ دھونے، ماسک پہننے اور آپس میں مناسب فاصلہ رکھنے رکھنے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔