ملتان: نشتر ہسپتال میں الیکٹو سرجری بند، زیر التوا آپریشن کی تعداد تین ہزار سے تجاوز

Published On 23 April,2021 09:22 am

ملتان: (دنیا نیوز) نشتر ہسپتال ملتان میں مریضوں کی الیکٹو سرجری کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے زیر التوا آپریشن کی تعداد بھی تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور موجودہ صورتحال میں ڈاکٹروں کی بھی کمی ہے۔ اسی لیے ہسپتال انتظامیہ نے کورونا کو جواز بنا کر الیکٹو سرجری کا سلسلہ ہی بند کر دیا ہے جس سے ہسپتال میں زیر التوا آپریشن کی تعداد بھی تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، مریضوں کے لواحقین تشویش کا شکار ہو گئے۔

ہسپتال انتظامیہ کا موقف ہے کہ کورونا کے باعث الیکٹو سرجری کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنا مجبوری بن گیا تاہم صرف انتہائی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کے مختلف نوعیت کے آپریشن کر رہے ہیں لیکن الیکٹو سرجری کو فی الحال دوبارہ شروع نہیں کر سکتے۔

زیر التوا آپریشن کے حوالے سے یہی صورتحال کارڈیالوجی ہسپتال کی بھی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی ویٹنگ لسٹ دو ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
 

Advertisement