اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) غیر ملکی میگزین فروئنڈیننمیں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ماہرین نے مناسب دورانیے کی نیند کو صحت مند رہنے کے لیے ضروری قرار دیا ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیق کے دوران چار لاکھ افراد کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔تحقیق کاروں نے کہا ہے کہ بلا شبہ مناسب دورانیہ کی نیند ہم سب کے لئے اہم ہے کیونکہ انسانی جسم پورے دن کی مصروفیت اور دبائو کے سبب جس تھکن کا شکار ہوتا ہے نیند نہ صرف اس تھکن کو دور کرتی ہے بلکہ اس دوران ہمارا جسم نئے دن کے چیلنجز کے لئے بھی خود کو تیار کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مناسب حد تک نیند اور پھر صبح جلد بیدار ہونے سے ہمارے جسم کی توانائی بحال ہو جاتی ہے ۔ جرمن میگزین فروئنڈینن میں شائع تحقیق کے مطابق رات کو دیر سے سونے والے افراد جلد موت کے خطرات کا شکار ہو سکتے ہیں۔ سرے یونیورسٹی اور نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین نے تحقیق کے دوران چار لاکھ افراد کی صحت کے اعداد وشمار کا 6.5 سال تک جائزہ لیا۔ جس کے نتائج سے معلوم ہوا کہ ایسے افراد جو رات کو دیر تک جاگتے رہتے ہیں اور پھر دن کو دیر تک سوئے رہتے ہیں وہ دیگر افراد کی نسبت موت کے 10 فیصد زائد خطرہ کا شکار ہو سکتے ہیں۔