کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں 8 لاکھ 20 ہزار سے زائد شہریوں کو کورونا ویکسین لگا دی گئی، پاکستان کے سب سے بڑے ویکسی نیشن مرکز ایکسپو سینٹر میں چند روز میں دو لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
شہر قائد میں کورونا ویکسین لگوانے کے رحجان میں اضافہ، شہریوں کی بڑی تعداد ویکسی نیشن سینٹرز پہنچنے لگی، پاکستان کے سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر ایکسپو سینٹر میں یومیہ تیس ہزار افراد کو ویکسین لگانے کی صلاحیت ہے۔
ویکسین کرنے والے عملے کے مطابق جتنا جلد تمام شہریوں کی ویکسی نیشن ہوگی اتنی جلد زندگی معمول پر آجائے گی۔ ایسٹ زون پولیس نے ایکسپو سینٹر آنے والے شہریوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں، گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام ہے، ایکسپو سینٹر کے اطراف ٹریفک معمول پر رکھنے کیلئے اضافی نفری تعینات ہے، قطار میں لگے افراد کو دھوپ سے بچانے کیلئے ٹینٹ لگائے گئے ہیں اور سینٹر آنے والے افراد کیلئے بڑی تعداد میں ٹھنڈے پانے کے کولر بھی رکھے گئے ہیں۔ شہریوں کی رہنمائی کیلئے معلومات سینٹر بھی بنایا گیا ہے۔
ویکسی نیشن کرنے والے عملے کا کہنا ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد سے کیسز میں کمی آئی ہے۔