کوئٹہ: موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی بیماریاں حملہ آور، بخار و زکام سے بچے متاثر

Published On 17 October,2021 11:09 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وادی کوئٹہ میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی کئی بیماریاں بھی شہریوں پر حملہ آور ہونے لگیں۔ گلا خراب، زکام اور بخار نے خاص طور پر بچوں کو گھیرنا شروع کر دیا۔

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرد علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہریوں پر موسمی بیماریوں نے حملہ کرنا شروع کر دیا۔ بچوں کے ساتھ بزرگ افراد میں بھی گلا خراب ، کھانسی ، زکام اور بخار کی شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ماہرطب کا کہنا ہے کہ ان بیماریوں میں مبتلا افراد کا رش موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ہسپتال میں بڑھنے لگا ہے۔ کسی کو بخار، کہیں زکام، کھانسی اور کوئی سینے کی علامات سے پریشان ہے۔

والدین کا کہنا ہے کہ ایک طرف موسمی تبدیلی ہے تو دوسری جانب دن اور رات کے اوقات میں موسم کچھ بہتر ہو جاتا ہے جسکی وجہ سے بچے بے احتیاطی کرتے ہیں۔ ماہرین طب کا مشورہ ہے کہ اس موسم میں اپنا اور خاص کر بچوں اور عمر رسیدہ افراد کا خیال رکھنا ضروری ہے تاکہ یہ چھوٹی بیماریاں بڑی بیماری کا سبب نہ بن سکیں۔
 

Advertisement