خیبرپختونخوا میں خسرہ اور روبیلا کے 5 ہزار سے زائد مریض، حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم شروع

Published On 15 November,2021 08:27 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں خسرہ اور روبیلا کے اب تک 5 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ گئے، حکومت نے 12 روزہ مہم شروع کر دی جس کے دوران ایک کروڑ 57 لاکھ بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

خیبرپختونخوا میں خسرہ اور روبیلا کے کیسز عالمی ادارہ صحت کی مقررہ شرح سے بھی زیادہ بڑھ گئے ، صوبے میں روبیلا نامی بیماری کے پھیلائو میں اضافہ ہونے لگا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق 10 لاکھ بچوں میں سے روبیلا کے 5 کیس سامنے آنا نارمل ہے تاہم خیبرپختونخوا میں 10 لاکھ بچوں میں سے 81 بچے خسرہ اور روبیلا میں مبتلا ہو رہے ہیں جو تشویشناک ہے، صوبے میں اب تک 5 ہزار 54 کیسز سامنے آگئے ہیں۔ 

صوبائی حکومت نے خسرہ اور روبیلا سے بچائو کی مہم کا آغاز کر دیا، وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے پولیس سروسز ہسپتال میں مہم کا افتتاح کیا۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ57 لاکھ بچوں کو خسرہ اورروبیلا سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائینگے، مہم کے لیے 13 ہزار 666 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ملک اور خیبر پختونخوا کی تاریخ میں سب سے بڑی مہم 12 روز تک چلائی جائے گی۔

وزیرصحت کا مزید کہنا تھا کہ ایک کروڑ 90 لاکھ افراد کو کورونا کی پہلی ڈوزلگا دی گئی ہے، پولیو کا کوئی کیس سامنے نہ آنا محکمہ صحت کی کارکردگی ہے، بچوں کو بڑی بیماروں سے محفوظ بنانا ہے، پاکستان میں روبیلا اور خسرہ مہم سے مطمئن نہیں،61 لاکھ بچوں کومہم کے دوران پولیوسے بچائو کی ویکسین بھی لگےگی۔