کوئٹہ: (دنیا نیوز) حکومت بلوچستان اور ینگ ڈاکٹروں کے درمیان مطالبات کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہونے کے باوجود ہڑتال ختم نہ ہوسکی، وارڈ، اپریشن تھیٹرز اور لیبارٹریز میں کام نہیں ہو رہا، مریض بے دربدر ہیں۔
ینگ ڈاکٹر گذشتہ 4 ماہ سے زائد عرصہ سے مطالبات کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں، حکومت بلوچستان نے طویل مذاکرات کے بعد وائی ڈی اے کے مطالبات تسلیم کرلیے اور وعدہ کیا ہے کہ ہسپتالوں میں عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا، پیرامیڈیکس کے لئے الاوئنس میں 100 فی صد اضافے کے ساتھ ساتھ دیگر مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔
حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم ہونے کے باوجود بھی وائی ڈی اے کی سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال بدستور جاری ہے، او پی ڈیز، آپریشن تھیٹرز اوروارڈز بند ہیں، ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نوٹیفیکیشن جاری ہونے تک ہڑتالی کیمپ کے باہر او پی ڈی کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔
حکومت اور ینگ ڈاکٹرزکے معاملات کے درمیان غریب مریض پس رہے ہیں۔