اسلام آباد:(دنیا نیوز) پولیو کے خاتمے اور پھیلنے سے متعلق عالمی ادارہ صحت کی علاقائی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کے تاریخی اقدامات کی تعریف کی گئی ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کمیٹی اراکین نے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں مزید تیز کرنے پر زور دیا جس پر اراکین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان صفر پولیو ٹرانسمیشن کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا۔
فیصل سلطان کے مطابق پاکستان پولیو کے خطرے والے اضلاع میں اقدامات تیز کر رہا ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ مل کر ٹرانسمیشن پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت احمد المندھاری نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں پولیو کیسز میں تاریخی کمی آئی ہے، پولیو وائرس کے خاتمے کا موقع دروازے پر دستک دے رہا ہے، اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
وزارت صحت کے مطابق کمیٹی نے خطے میں پولیو وائرس کے کسی بھی قسم کے پھیلاؤ کو علاقائی صحت عامہ ایمرجنسی اور گھر گھر پولیو مہم کو لازم قرار دیا۔
وزارت صحت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ 27 جنوری 2022 تک پاکستان میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہ ہونے پر اہم سنگ میل عبور کیا تھا، وائرس ماحول میں رہتا ہے اور اس کے پھیلاؤ کا خطرہ موجود ہوتا ہے۔