ملتان: پولیو مہم کے دوران ساڑھے سات لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

Published On 28 February,2022 08:29 am

ملتان : (دنیا نیوز) ملتان میں پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران ساڑھے سات لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 1768 ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

ملتان میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ہے جس میں ساڑھے سات لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کیلئے جنرل بس سٹینڈ، ریلوے سٹیشن، مزارات اور مختلف تعلیمی اداروں میں کیمپ لگائے گئے ہیں تاہم موجودہ صورتحال میں مہم کی کامیابی کیلئے گزشتہ مہم کے 4000 انکاری والدین محکمہ صحت کی اولین ترجیح ہیں جنہیں قائل کرنے کیلئے سیاسی، سماجی اور مذہبی تنظیموں کیساتھ مثالی والدین کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں۔

محکمہ صحت کاموقف ہے کہ پولیو وائرس کی موجودگی والے علاقوں میں خطرہ زیادہ ہے تاہم مہم کے دوران کورونا ایس او پیز کے حوالے سے بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ اومی کرون کو مزید پھیلنے سے بھی روکا جاسکے۔

پولیو مہم کے دوران ٹیموں کے ہمراہ 1800 پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے تاکہ انکاری والدین کی جانب سے کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔
 

Advertisement