مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر میں محکمہ صحت کے ماں اور بچے کی صحت پروگرام کے 12 سو سے زائد ملازمین مطالبات کے حصول کے لئے سڑکوں پر نکل آئے، ملازمین نے مظفرآباد میں دھرنا دے رکھا ہے۔
مظفرآباد میں اسمبلی سیکرٹریٹ سے ملحقہ چھتر بینک سکوائر کے سبزہ زار میں ماں اور بچے کی صحت کے قومی پروگرام ایم این سی ایچ کو ختم کرتے ہوئے 1243 ملازمین کو 30 جون سے ملازمت سے فراغت کا پروانہ تھمائے جانے کے خلاف ملازمین نے دھرنا دیا اور مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔
اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں سمیت دور دراز دیہی علاقوں میں ماں اور بچے کو پیش آنے والی پیچیدگیوں اور ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے خدمات سر انجام دیتے عملے کی فراغت سے صحت کا بنیادی نظام متاثر ہوگا۔
دھرنے کے شرکاء کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملازمین سے کئے حکام کے وعدے اور دعوے ایک طرف تو اب کئی سالوں کی سرکاری خدمات کے بعد ان کی اکثریت عمروں کی حد عبور کرنے کے بعد مزید ملازمت کے حصول کی دوڑ سے بھی باہر ہو چکے ہیں۔