اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) صوبہ خیبر پختونخوا اور سندھ میں سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق قومی ادارہ برائے صحت نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سیوریج نمونے میں وائلڈ پولیو وائرس 1 کی تصدیق کی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پروا سے 21 فروری کو لیے گئے سیوریج نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف کیا گیا ۔
قومی ادارۂ صحت (این آئی ایچ) کے مطابق اس سال پاکستان کے 3 علاقوں کے سیوریج نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
اس حوالے سے قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ سندھ میں گھوٹکی کے سیوریج نمونوں میں پولیو وائرس ملا، گھوٹکی کے علاقے باگو واہ سے سیوریج نمونے 14 فروری کو لیے گئے تھے۔
پولیو کے خاتمے کے لیے کام کرنے والے گلوبل کمیشن فار سرٹیفکیشن نے اس معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس کی سرویلینس بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔