کراچی میں ٹرک آرٹ پولیو آگاہی مہم کا افتتاح کردیا گیا

Published On 24 February,2023 05:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ٹرک آرٹ کے ذریعے پولیو سے متعلق آگہی پھیلانے کے مشن کا افتتاح کردیا۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کیماڑی ٹرک اڈا پر ٹرک آرٹ پولیو آگاہی مہم کا افتتاح کیا، اس موقع پر این ای او سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ ، ڈائریکٹر ہیلتھ ، کراچی گڈز کیرئیرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ، ودیگرموجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختیار ابڑو نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی وزارت صحت کے تعاون سے 10ٹرکوں پر روایتی ڈیزائن بنائے گئے ہیں، ٹرک آرٹ کا مقصد پولیو سے متعلق آگہی پھیلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2، 3 سالوں میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ،پولیو ورکرز کی جانب سے ضلع کیماڑی میں بہترین مہم چلائی گئی،40 لاکھ کی آبادی کیماڑی کو ضلع بنانے کا کریڈٹ عبدالقادر پٹیل کو جاتا ہے ۔

ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے مزید کہا کہ عبدالقادر پٹیل ملک بھر میں شاندار پولیو مہم چلا رہے ہیں، ٹرک آرٹ کے ذریعے ہر طرف آواز جائے گی،ٹرک آرٹ کے ذریعے ریفوزل ایریا تک آگاہی جائے گی۔

ڈائریکٹر این ای او سی ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پولیو آگاہی مہم کےلیے وہ طریقہ بھی استعمال کرنا ہے جو لوگوں میں بے حد مقبول ہے، کوشش ہے ہر علاقے میں پیغام پہنچے۔

ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ 1988میں یومیہ ایک ہزار لوگوں کو پولیو ہوتا تھا، 1988 سے اب تک دو کروڑ لوگوں کو پولیو سے بچایا ہے، پاکستان میں اس سال پولیو کا کوئی کیس نہیں ہے،دنیا میں پاکستان اور افغانستان صرف دو ممالک پولیو کا شکار ہیں۔
 

Advertisement