ملک میں پولیووائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے 39 اضلاع میں مہم کا آغاز کل سے ہوگا

Published On 12 February,2023 10:03 am

اسلام آباد : (دنیا نیوز) لاہور میں وائرس کی تصدیق کے بعد ملک کے 39 اضلاع میں 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کل سے شروع ہوگی۔

پولیووائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے حکومت نے شکنجہ تیار کرلیا ، اس حوالے سے وزیر صحت عبدالقادرپٹیل نے کہا کہ مہم 17 فروری تک 9 اضلاع میں مکمل طور پر چلائی جائے گی جبکہ 30 اضلاع میں جزوی مہم چلائی جائے گی ، پنجاب کے دو اضلاع لاہور اور فیصل آباد میں بھی مجموعی طور پر مہم ہوگی ۔

وزیر صحت کے مطابق جنوبی خیبرپختونخوا کے سات اضلاع میں مہم چل رہی ہے ، ان میں بنوں، ڈی آئی خان، ٹانک، لکی مروت شمالی وزیرستان کے اضلاع شامل ہیں جبکہ بالائی جنوبی وزیرستان اور زیریں جنوبی وزیرستان میں بھی مہم جاری ہے۔

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ سردیوں میں پولیوکا وائرس کمزور ہو جاتا ہے ، حکومت پولیو کے خاتمے کیلئے ضروری اقدامات اور وسائل کو بروئے کار لارہی ہے، ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو مستقل معذوری سے بچانے کیلئے حفاظتی قطروں کو پلانا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیتی جاسکتی ، پولیو مہم کے دوران والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں ۔
 

Advertisement