کراچی : (دنیانیوز) کراچی میں نگلیریا کا ایک اور مریض انتقال کر گیا جس کے بعد رواں سال اس وائرس سے ہونیوالی اموات کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کراچی ضلع وسطی کے علاقے بفرزون کا رہائشی 45 سالہ کاشف قمر نگلیریا سے جان کی بازی ہار گیا، مریض کو یکم نومبر کو نجی ہسپتال (امام کلینک) میں داخل کروایا گیا تھا، کاشف کا پی سی آر ٹیسٹ میں نگلیریا مثبت آیا تھا ، تاہم وہ تین دن تک بخار اور سر درد میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز انتقال کر گیا ۔
نگلیریا سے ضلع وسطی میں یہ تیسری موت رپورٹ ہوئی ہے، نگلیریا سے اب تک جامشورو، کیماڑی، کورنگی، ملیر، غربی اور شرقی میں ایک، ایک جبکہ جنوبی میں2 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔
نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر خالد نیاز نے عوام سے نگلیریا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ناک میں پانی ڈالنے سے اجتناب کریں۔
وزیر صحت نے سی ای او کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے رابطہ کیا اوراس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ، سعد نیاز نے انہیں تمام اضلاع سے پانی کے نمونوں کے لیبارٹری ٹیسٹ کرانے اور شہر میں فراہم کیے جانے والے پانی میں کلورین کی مقدار سے متعلق رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایات کی ہیں۔