ڈینگی کے کیسز میں اضافہ، لاہور میں 47 نئے مریض رپورٹ

Published On 31 October,2023 10:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، لاہور میں ڈینگی کے 47 نئے مریض رپورٹ ہوئے۔

پنجاب بھر میں ڈینگی کے 118 مریض رپورٹ ہوئے، رواں برس لاہور میں ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی تعداد 3 ہزار 908 ہو گئی، صوبہ بھر میں ڈینگی کے 9 ہزار 298 کنفرم مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔

سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان کے مطابق ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 26 مریض زیر علاج ہیں، پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے 82 مریض داخل ہیں۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ بھی انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں مصروف ہے، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ24گھنٹے کے دوران لاہور میں 35 مثبت لاروا ملنے پر 142 پوائنٹس پر ڈینگی سپرے کیا گیا، 654ڈینگی کیس رسپانس سرگرمیوں کے دوران 654 گھروں میں ڈینگی سپرے کیا گیا۔

کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ شہریوں کی مدد کے بغیر انسداد ڈینگی مہم پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتی۔