کانگو وائرس میں مبتلا سول ہسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر انتقال کرگئے

Published On 05 November,2023 11:56 am

کوئٹہ : (دنیانیوز) کانگو وائرس کا شکار ہونےوالے سول ہسپتال کے ڈاکٹر شکراللہ خان کراچی میں انتقال کرگئے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹر شکراللہ خان 3روز قبل کانگو وائرس سے متاثر ہوئے تھے ، وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج تھے ۔

یاد رہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال کے 5 ڈاکٹروں سمیت عملے کے 8 افراد کانگو وائرس کا شکار ہو ئے تھے جنہیں کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا اظہار افسوس

 دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کوئٹہ میں کانگو وائرس کے باعث نوجوان ڈاکٹر شکر اللہ کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ  ڈاکٹر شکر اللہ کے کانگو وائرس سے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دلی رنج ہوا ہے ، ڈاکٹر شکر اللہ نے اپنی جان دے کر دکھی انسانیت کی خدمت کی مثال قائم کی ، کانگو وائرس کے مریضوں کے علاج میں مصروف تمام ڈاکٹرز کو سلیوٹ کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ڈاکٹرز پر قوم کو فخر ہے۔