پشاور: (دنیا نیوز) سیکرٹری محکمہ صحت خیبرپختونخوا محمود اسلم نے کہا ہے کہ سال 2023ء کے دوران صوبہ بھر میں ڈینگی کے کل 20 ہزار 566 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈینگی کے حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ صحت خیبرپختونخوا محمود اسلم نے کہا صوبہ میں ڈینگی کے 19 ہزار سے زائد کیسز کی سکریننگ کے بعد 747 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی جبکہ اس سال ڈینگی سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی، پچھلے سال کے 22 ہزار 960 کیسز کی نسبت اس برس کیسز 747 رپورٹ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا تلف کرنے کی مد میں ایک کروڑ سے زائد گھروں کی چیکنگ کی گئی، 9 ہزار سے زائد گھروں کے اندر ڈینگی لاروا کی موجودگی پر لاروا کش ادویات کا استعمال کیا گیا جبکہ 3 کروڑ سے زائد ممکنہ لاروا رکھنے والی جگہوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔
سیکرٹری ہیلتھ نے بتایا کہ ڈینگی سے متعلق آگاہی مہم میں لیڈی ہیلتھ وزٹرز نے 2 لاکھ سے زائد آگاہی پیغامات پہنچائے، ڈینگی آگاہی واک سمیت 4462 آگاہی لیکچرز دیے گئے ہیں، محکمہ صحت و لائن ڈیپارٹمنٹس کے ملازمین ہزاروں ڈینگی کیسز 747 تک محدود کرنے پر داد کے مستحق ہیں۔