اسلام آباد: (ویب ڈیسک )ملک کے 6 اضلاع سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
وزارت قومی صحت سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کوئٹہ، چمن، پشاور، کراچی کے ضلع کورنگی، کراچی جنوبی اور مستونگ کے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رواں سال مثبت ماحولیاتی نمونوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے اور تمام مثبت نمونوں میں پائے گئے وائرس کا تعلق سرحد پار سے ہے۔
وزارت قومی صحت نے کہا ہے کہ پولیو وائرس 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو نشانہ بناتا ہے، والدین ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پہلے ہی تین صوبوں میں 25 مارچ سے 28 مارچ تک خصوصی انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، خصوصی پولیو مہم مثبت سیوریج سیمپلز والے اضلاع میں چلائی جائے گی، آؤٹ بریک رسپانس پولیو مہم پنجاب، سندھ، بلوچستان میں چلے گی، 26 اضلاع میں 82 لاکھ سے زائد بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔