پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے صحت شعبے میں گورنر و میئر نے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے جدید ترین ٹیکنالوجی کی ڈیجیٹل مشین ٹیلی کلینک منصوبے کا آغاز پشاور سے کردیا۔
گورنر حاجی غلام علی اور میئر پشاور حاجی زبیر علی نے پہلے گلبہار میں قائم کئے گئے ڈیجیٹل ٹیلی کلینک کا افتتاح کیا، ڈیجیٹل مشین سے صرف ایک کلک پر بلڈ شوگر و دیگر ٹیسٹ، بیماریوں کی تشخیص اور علاج معالجہ یقینی ہوگا، ملک و بیرون ملک کے قابل ترین ڈاکٹرز ٹیلی کلینک منصوبے سے وابستہ ہیں۔
گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ آن لائن علاج و صحت کے مشورے دیئے جائیں گے، جدید ٹیلی کلینک غریب عوام کو سستی ترین اور جدید ترین صحت کی سہولیات فراہم کرے گا، یہ صرف ایک مشین نہیں اپنے اندر پورا ہسپتال ہے، ڈیجیٹل مشین عوام کو ہزاروں روپوں کے ٹیسٹ سے بھی بچائے گی اور علاج بھی فوری ہوگا۔
گورنر حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ منصوبے کی کامیابی پر اس کو پورے صوبے کی عوام تک وسعت دی جائے گی، میئر پشاور حاجی زبیر نے کہا کہ شہر کی عوام کا ہم پر حق ہے، ہم اپنا فرض پوری ایمانداری سے نبھا رہے ہیں۔
تقریب میں سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی اور چیئرمین گلبہار عمران الدین سمیت دیگر بھی شریک ہوئے۔