پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے علاقے مچنی گیٹ ڈاگ کارہ میں پولیس موبائل پر ہونے والی فائرنگ میں زخمی ہونے والا اے ایس آئی چل بسا۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی رات پشاور کی علاقے مچنی گیٹ ڈاگ کارہ میں نامعلوم دہشتگردوں نے معمول کی گشت پر موجود پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں 2 اہلکارو موقع پر شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا تھا۔
ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار معمول کی پٹرولنگ گشت پر تھے کہ دہشتگردوں نے گھات لگا کر موبائل پر حملہ کیا، حملے میں کانسٹیبل اجمل اور سراج شہید جبکہ موبائل افسر مظہر زخمی ہوا، فائرنگ کے بعد نامعلوم دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا اے ایس آئی مظہر 2 روز تک نجی ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد آج دم توڑ گیا ہے جس کے بعد شہید ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 3 ہو گئی۔