لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے خلاف شکنجہ تنگ کرتے ہوئے مزید 03 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرلئے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سلطان خان نامی اشتہاری ڈی جی خان پولیس کو 2021ء سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا، علی شیر نامی اشتہاری نے فیصل آباد میں گزشتہ برس شہری کو گولی مار کر قتل کیا تھا، تیسرا اشتہاری بلال ندیم سیالکوٹ پولیس کو فراڈ کے مقدمہ میں مطلوب ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹسز جاری کروا کر تینوں ملزموں کو گرفتار کیا، پنجاب پولیس کے سپیشل آپریشنز سیل نے قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملزموں کی متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقلی کروائی۔