کراچی سے لاپتہ ہونیوالے کمسن بہن بھائی مل گئے

Published On 13 March,2024 10:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے گزشتہ رات لاپتہ ہونے والے دونوں بچے مل گئے۔

ذرائع کے مطابق بچوں کی والدہ شمائلہ ناز نے دونوں بہن بھائیوں کی واپسی کی سوشل میڈیا پر تصدیق کردی، اپنے بیان میں والدہ شمائلہ ناز نے کہا کہ جو لوگ بچوں کو لے کرگئے تھے وہی حیدری میں چھوڑ کرگئے ہیں۔

بچوں کی والدہ نے مزید کہا کہ مجھے نامعلوم نمبر سے فون آیا تھا، میرا بھائی رینجرز اہلکاروں کے ساتھ پہنچا تو بچے موجود تھے۔

یاد رہے کہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ سے 2 کم عمر بہن بھائی مبینہ طور پر لاپتہ ہوئے تھے، بچوں کی والدہ کا مؤقف تھا کہ بچے رات 11 بجے برگر لینے نکلے تھے کہ اب تک واپس نہیں آئے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ شوہر سے 9 سال پہلے علیحدگی ہوچکی ہے، شوہر نے دوسری شادی کرلی ہے، شمائلہ ناز نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ دبئی شفٹ ہوگئی ہیں، بچوں کو تعلیم کے سلسلے میں والدہ کے پاس چھوڑا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق بچوں کی کسٹڈی کے لیے والدین میں تنازع چل رہا ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔