سندھ پولیس کی کارروائیاں، ایک زخمی سمیت 5 ملزم گرفتار، شہری موبائل سے محروم

Published On 14 March,2024 05:47 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس نے کراچی اور شکار پور میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک زخمی سمیت 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ ڈاکو شہری سے موبائل چھین کر فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں شہری فون پر گفتگو میں مصروف تھا کہ اس دوران ڈاکو شہری سے موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

ادھر کراچی میں اے وی سی سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، گرفتار ہونے والے ملزم مختلف وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔

دوسری جانب شکار پور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ساتھی فرار ہو گیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔