یورک ایسڈ کا علاج گھریلو مشروبات سے کریں

Published On 28 March,2024 04:21 pm

نئی دہلی:(ویب ڈیسک) طبی ماہرین نے بغیر ادویات کھائے یورک ایسڈ کم کرنے والے گھریلو مشروبات کی فہرست جاری کردی۔

جب ہم ایسے کھانے کھاتے ہیں جن میں پیورین نامی مادے کی مقدار زیادہ ہوتی ہے تو اس کے نتیجے میں ہمارے جسم میں قدرتی فاضل مادہ بنتا ہے جسے یورک ایسڈ کہا جاتا ہے۔

کسی بھی انسانی جسم میں یورک ایسڈ کی سطح بلند ہو جائے تو گردے میں پتھری یا گٹھیا جیسی بیماریوں کو سامنا کرنا پڑ جاتا ہے۔


یورک ایسڈ کی سطح کو کم کرنے کے لیے ایسے کئی گھریلو مشروب (ہوم میڈ ڈرنکس) بنائے جا سکتے ہیں جن نہ صرف جسم میں پانی کی کمی پوری ہوتی ہے، گردے ٹھیک طرح سے کام کرتے ہیں اور سوزش میں کمی آتی ہے۔

بھارتی طبی ماہرین نے ایسے ہی گھریلو مشروب کی فہرست جاری کی ہے جن کی مدد سے یورک ایسڈ کو کم کیا جا سکتا ہے۔
لیموں پانی
لیموں پانی میں الکلی پائی جاتی ہے اور اس سے جسم کے پی ایچ لیولز کو متوازن رکھا جا سکتا ہے۔ اس میں سٹرک ایسڈ پایا جاتا ہے جس کی مدد سے یورک ایسڈ کے کرسٹل گُھل سکتے ہیں۔ اپنی صبح کا آغاز گرم پانی کے ایک گلاس میں لیموں نچوڑ کر پینے سے کریں۔
سیب کا سِرکہ
سیب کے سرکے میں بھی الکلی پائی جاتی ہے اور ہاضمے میں مدد ملتی ہے جس کی وجہ سے یورک ایسڈ جسم سے خارج ہوتا ہے۔ پانی کے ایک گلاس میں سیب کے سرکے کے ایک یا دو چمچ ڈالیں اور اسے دن میں ایک بار یا دو بار پیئں۔
چیری کا جوس
چیری میں سوزش اور یورک ایسڈ کو کم کرنے والے کمپاؤنڈ پائے جاتے ہیں۔ گٹھیا کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے تازہ چیریز کا جوس روزانہ پئیں۔
ادرک والی چائے
ادرک میں سوزش کش خصوصیات پائی جاتی ہیں جن کی مدد سے یورک ایسڈ کی سطح میں کمی لائی جا سکتی ہے اور تکلیف کو کم کیا جا سکتا ہے۔ گرم پانی میں کٹی ہوئی ادرک کو پانچ سے دس منٹوں تک پکائیں روزانہ دن میں دو مرتبہ پیئں۔
ہلدی والا دودھ
ہلدی میں کرکیومن پایا جاتا ہے جس کی سوزش کش خصوصیات یورک ایسڈ لیولز کو کم کرتی ہیں۔ گرم دودھ میں ہلدی کا ایک چمچ ڈالیں جبکہ ذائقے کے لیے اس میں ایک چمچ شہد بھی ڈالا جا سکتا ہے۔ ہلدی والے گرم دودھ کو روزانہ رات سونے سے پہلے پی لیں۔