بارسلونا میں پاکستانی طالبہ نے ماہر غذائیت کا اعزاز جیت لیا

Published On 28 March,2024 07:45 pm

بارسلونا :(ویب ڈیسک ) پاکستانی نژاد ہسپانوی طالبہ نے ماہر غذائیت کا مقابلہ جیت لیا۔

پاکستانی نژاد ہسپانوی طالبہ صبا انور کے منصوبے کو کاتالونیا میں سال کا بہترین غذائی منصوبہ قرار دیا گیا ہے، گزشتہ برس بھی صبا انور نے یونیورسٹی آف بارسلونا میں تھیسز کا مقابلہ جیتا تھا۔

اس ہونہار طلبہ کے تیار کردہ خوراک کے پلان کو بارسلونا کے ہسپتال نے پاکستانی مریضوں کو موٹاپے اور ذیابیطس سے بچانے کے لیے مرتب بھی کردیا ہے۔

صبا نے نارمل انسان اور مریضوں کیلئے خصوصی طور پر روز مرہ زندگی میں خوراک لینے کا ایک چارٹ مرتب کیا ہے جس میں حفظان صحت کے تمام اصولوں کے ساتھ کھانا کھانے کے اوقات اور مقدار کو بھی مکمل تفصیل کے ساتھ تحریر کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد ہسپانوی طالبہ صبا انورکا کہنا تھا کہ صحت مند طرز زندگی انسان کی روزمرہ زندگی کے تمام ضروری امور کھانا پینا، سونا جاگنا، کام کرنا آرام کرنا،غرض زندگی کے ہر پہلو پر مشتمل ہوتی ہے،اسی طرح انسانی زندگی کا اہم ترین حصہ خوراک ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

صبا نے بتایا کہ صحت تندرستی کو برقرار رکھنے کے لئے غذائیت سے بھرپور اور صحت بخش کھانا کھانے کی ضرورت ہوتی ہے، میں نے انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے غذائی پلان پر تحقیق کا آغاز کیا، اس تحقیقاتی کام کے دوران مجھے نارمل انسان اور مریضوں کے ڈیٹا کے حصول کیلئے مشکلات کا بھی سامنا رہا لیکن بآلاخرمجھے کامیابی ملی۔

طالبہ صبا انور کا مزید کہنا میرا یہ مشن مستقبل بھی انسانی خدمت کیلئے جاری رہے گا۔