پنجاب : ملتان میں وبائی مرض خسرہ کے وار تھم نہ سکے

Published On 15 June,2024 11:44 am

ملتان : (دنیانیوز) ملتان میں وبائی مرض خسرہ کے وار جاری ہیں ، شہراولیاء میں وبائی مرض خسرہ کے مریضوں میں ایک مریض کا مزید اضافہ ہوگیا۔

ہسپتال حکام کے مطابق نشتر ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں گزشتہ روز وبائی مرض سے متاثرہ بچوں کی تعداد 15 تھی، نشتر ہسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں اس وقت خسرہ سے متاثر 16 بچے زیر علاج ہیں۔

ہسپتال حکام کا کہنا ہے کہ خسرہ سے متاثرہ مریضوں کے لیے 30 بیڈز پر مشتمل وارڈ قائم کیاگیا ہے، خسرہ سے متاثرہ بچوں کا علاج معالجہ جاری ہے ۔

خسرہ کیا ہے؟

خسرہ کی بیماری کسی انفیکشن یا وائرس کی وجہ سے ہوتی ہے، یہ بیماری عام طور پر سردیوں کے اختتام یا پھر موسم بہار کے آغاز میں ہوتی ہے۔

خسرہ کی بیماری کے ساتھ جب کوئی مریض کھانستا یا چھینک مارتا ہے تو متاثرہ شخص کے نہایت چھوٹے آلودہ قطرے پھیل کر ارد گرد کی اشیا پر گر جاتے ہیں اور یہ بیماری ہوا اور سانس لینے سے پھیلتی ہے، جس وجہ سے ایک مریض متعدد افراد کو متاثر کر سکتا ہے۔

خسرہ کی علامات میں شدید بخار کے ساتھ کھانسی، ناک اور آنکھوں سے پانی بہتا شامل ہے، خسرہ میں سرخ دانے چہرے اور گردن کےاوپر نمودار ہوتے ہیں اور پھر جسم کے دوسرے حصوں میں منتقل ہو جاتے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کیسز 79 فیصد بڑھ کر 3 لاکھ سے تجاوزکرگئے تھے، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ کل تعداد کا صرف ایک حصہ ہے۔