محکمہ صحت پنجاب کیلئے 539 ارب 15 کروڑ کا بجٹ مختص

Published On 13 June,2024 11:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کا مالی سال دو ہزار چوبیس پچیس کا بجٹ پیش کیاگیا، محکمہ صحت کے لئے رواں مالی سال کی نسبت چودہ فیصد زیادہ بجٹ مختص کیا گیا۔

حکومت پنجاب کی جانب سے رواں سال کی نسبت چودہ فیصد زائد یعنی پانچ سو انتالیس ارب پندرہ کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی، نئے مالی سال میں 410 ارب 55 کروڑ روپے غیر ترقیاتی بجٹ کی مد میں مختص کئے گئے ہیں جو کہ رواں مالی سال سے 15فیصد زیادہ ہے۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں شعبہ صحت کے ترقیاتی بجٹ کی مد میں رواں مالی سال کی نسبت گیارہ فیصد زیادہ یعنی 128 ارب 60 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، لاہور میں نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹ منٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کے قیام کے لئے چھپن ارب روپے جبکہ سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام کے لئے آٹھ ارب چراسی کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

نئے مالی سال کے بجٹ میں ایئر ایمبولینس سروس کے لئے پنتالیس کروڑ روپے، کلینک آن وہیلز منصوبہ کے لئے ایک ارب روپے مختص کئے گئے، شعبہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترقیاتی بجٹ کی مد میں 42 ارب 60 کروڑ روپے مختص کئے گئے۔

صوبہ بھر کے بیسک ہیلتھ یونٹس اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے دیگر ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کے لئے 23 ارب پچاس کروڑ روپے مختص کئے گئے۔

صوبے بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز اور ایمرجنسیز میں سب مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے لئے 55 ارب 40 کروڑ روپے جبکہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے ترقیاتی بجٹ کی مد میں 86 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی۔