آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز ایشیز کے پرتھ ٹیسٹ سے باہر

Published On 08 October,2025 12:29 pm

میلبرن: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز ایشیز سیریز کے پرتھ ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق کمر کی تکلیف میں مبتلا پیٹ کمنز کے حال ہی میں سکینز کرائے گئے ہیں جس کی رپورٹس حوصلہ افزا نہیں ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا کا بتانا ہے کہ پیٹ کمنز کے ایشیز سیریز سے مکمل طور پر بھی باہر ہونے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ پیٹ کمنز نے پہلے ٹیسٹ سے قبل مکمل فٹ ہونے کے لیے امید کا اظہار کیا تھا مگر اب ان کی غیر موجودگی میں پرتھ ٹیسٹ میں سٹیو سمتھ قیادت کریں گے۔

ایشیز سیریز کا پہلا میچ 21 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹیسٹ 4 دسمبر کو گابا، تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر کو اوول، چوتھا ٹیسٹ 26 دسمبر کو میلبرن اور آخری ٹیسٹ میچ 4 جنوری کو سڈنی میں شیڈول ہے۔