رائیونڈ روڈ خود کش دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق بمبار کے مبینہ سہولت کار سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ حملہ آور کی شناخت نصیب شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو بادامی باغ میں اپنے چچا کے پاس مقیم تھا۔ حساس ادارے نے لاہور کے علاقے بادامی باغ میں کارروائی کر کے خود کش بمبار کے مبینہ سہولت کار سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خود کش حملہ آور کی شناخت نصیب شاہ کے نام سے ہوئی جس کا کوڈ نام حافظ جواد تھا، اس کا چچا غازی شاہ اور کزن قوی شاہ سہولت کار کا کام کرتے رہے۔ دہشت گردوں کا یہ منظم گروہ پنجاب میں اہم شخصیات اور حساس مقامات کو ہدف بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر مزید اہم گرفتاریوں کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ رائیونڈ دھماکے میں اب تک پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد شہید ہو چکے ہیں۔ سانحے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے جو مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔
یاد رہے کہ 14 مارچ بروز بدھ کے روز رائے ونڈ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب خود کش دھماکے سے اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ اجتماع میں جانے کی کوشش میں اہلکاروں نے خود کش حملہ آور کو روکا تو اس نے خود کو اڑا لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے دنیا نیوز سے گفتگو میں بتایا تھا کہ تبلیغی اجتماع کے قریب چیک پوسٹ کے قریب ہونے والا دھماکا خود کش تھا جس میں پولیس کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔ دھماکے سے پہلے حملہ آور نے اجتماع میں جانے کی کوشش کی جسے چیک پوسٹ پر اہلکاروں نے روکا تو دہشتگرد نے خود کو اڑا لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ اگر خدانخواستہ حملہ آور اجتماع میں داخل ہو جاتا تو نقصان بہت زیادہ ہونا تھا۔