سیاسی سنڈے پر بڑی جماعتیں ایکشن دکھانے کیلئے تیار

Last Updated On 18 March,2018 09:05 am

لاہور (دنیا نیوز ) سیاسی سنڈے پر آج بڑی بڑی سیاسی جماعتیں ان ایکشن ہیں، مختلف شہروں میں پنڈال سجا لئے، مسلم لیگ ن آج سانگلہ ہل میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، نواز شریف اور مریم نواز کارکنوں کا لہو گرمائیں گے، پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم کے علاقے کوٹلی ستیاں میں میدان لگا لیا، بلاول بھٹو جلسہ سے خطاب کرینگے۔

عمران خان کی آج کراچی میں مصروفیات ہوں گی۔ آج پھر سیاسی سنڈے ہے، بڑی بڑی سیاسی جماعتوں نے پاور شو کیلئے میدان لگالیا، مسلم لیگ ن آج سانگلہ ہل میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے کے لئے تیاریاں زور و شورسے جاری ہیں۔ سٹیج تیار ہوگیا، سٹیڈیم چاروں طرف سے بینرز لگ گئے، نواز شریف اور مریم نواز شام کو آئیں گے اور جلسے سے خطاب کرینگے۔ ادھر پیپلز پارٹی بھی پاور شو کیلئے پوری طرح ایکشن میں ہے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے علاقے کوٹلی ستیاں میں جلسے کیلئے پنڈال تیار ہے۔ جگہ جگہ پارٹی پرچم اور بینرز لگے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوٹلی ستیاں پہنچیں گے اور جیالوں کا لہو گرمائیں گے۔ دوسری طرف چیئرمین تحریک انصاف عمران خان آج اور کل کراچی میں مصروف دن گزاریں گے، پریس کلب میں میٹ دی پریس کانفرنس سے خطاب ہوگا۔ مختلف علاقوں میں ممبر سازی کیمپوں کا بھی دورہ کریں گے۔ عمران خان باتھ آئی لینڈ میں آنکھوں کے ہسپتال بھی جائیں گے، فیڈرل بی ایریا ٹریڈ انڈسٹری سے بھی خطاب کرینگے۔ اے این پی بھی نوشہرہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرے گی، اسفند یار ولی جلسے سے خطاب کریں گے۔