یوم پاکستان کے موقع پر شکرپڑیاں پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی تقریب میں سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا سمیت برادر اسلامی ممالک ترکی، ملائیشیا اور یو اے ای کے مہمانان گرامی بھی شریک ہوئے۔ باڈی گارڈز نے بگل بجا کر صدر مملکت ممنون حسین کے آنے کی اطلاع دی۔
صدر مملکت ممنون حسین گھڑ سوار دستے کے حصار میں پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔ مسلح افواج کے سربراہان نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا اور انہیں سلامی دی گئی۔ سلامی کے بعد جیپ میں سوار صدر مملکت نے پریڈ میں حصہ لینے والے مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔
سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا، وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ، مسلح افواج کے سربراہان اور وزیر دفاع خرم دستگیر کے علاوہ برادر اسلامی ممالک بھی پریڈ میں شریک ہوئے۔
شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں ہونے والی پریڈ میں مسلح افواج کے چا ک و چوبند دستوں نے حصہ لیا۔ فوجی بینڈ نے دلوں کو گرما دینے والی مسحور کن دھنیں فضا میں بکھیریں۔ اسپیشل سروسز گروپ کے جوان مخصوص انداز میں سلامی دیتے ہوئے چبوترے کے سامنے سے گزرے۔ خواتین کے دستوں نے بھی پریڈ کا حصہ بن کر پذیرائی حاصل کی۔
بوائز اسکاوٹس، گرلز گائیڈ، پنجاب اور سندھ رینجرز، ایف سی خیبر پختونخوا، پاکستان آرمی سگنل اور انجنئرنگ کے دستے بھی پریڈ کا حصہ بنے۔ برادر اسلامی ممالک یو اے ای اور اردن کی شاہی فوج کے بینڈ نے بھی پریڈ میں حصہ لیا اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ صدارتی باڈی گارڈز کے گھڑ سوار دستے نے بھی پریڈ میں حصہ لیا اور سلامی دی۔
انفنٹری کی مختلف رجمنٹس کے دستے، میکنائزڈ انفنٹری، آرمڈ کور، ایس پی ڈی کے تحت مختلف رینج کے میزائل بھی پریڈ میں شامل کئے گئے۔ آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے کوبرا، ایم ائی سیونٹین پیونکن ہیلی کاپٹرز پر مشتمل دستوں نے 300 فٹ کی بلندی پر فلائی پاسٹ کیا۔ پاکستان آرمی، نیوی اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز نے 10 ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ کیا۔ میزائل دستوں میں غزنوی، ابدالی، نصر اور کروز میزائل بھی شامل کئے گئے۔
یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں تمام صوبوں کی ثقافت کے رنگ نظر آئے، پریڈ میں فلوٹس پر علاقائی رقص نے سماں باندھ دیا۔ تقریب میں تمام صوبوں کے فلوٹس نے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی۔ سب سے پہلے آزاد کشمیر کا فلوٹس آیا جس میں کشمیری ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ بلوچستان کا فلوٹس بھی سب کی توجہ کا مرکز بنا رہا جس پر سی پیک کا خاکہ نمایاں تھا، اس موقع پر بلوچی فنکاروں نے بھی فن کا مظاہرہ کیا۔
خیبر پختونخوا کی ثقافت کے رنگ بھی نمایاں نظر آئے، فنکاروں نے خٹک ڈانس پیش کیا۔ پنجاب کے فلوٹ پر صوبے کی ثفاقت کی بھرپور ترجمانی کی گئی، مختلف علاقوں کی دستکاریاں بھی پیش کی گئیں، فنکار بھی جھومتے نظر آئے۔ وادی مہران کا فلوٹ بھی سب سے نمایاں تھا جس نے سماں باندھ دیا۔ تقریب میں گلگگت بلتستان کی ثقافت بھی بھرپور طریقے سے پیش کی گئی۔
صدر مملکت ممنون حسین کا یوم پاکستان پریڈ سے خطاب
صدر مملکت ممنون حسین نے یوم پاکستان پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہماری امن دوستی کو کمزوری سمجھنا خطرناک ثابت ہوگا، ہمارا ہمسایہ اپنی فوجی قوت میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کشمیریوں کے جائز حق کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، افغانستان میں امن کیلئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
صدر ممنون حسین نے کہا ملکی تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، یہ شاندار پریڈ ہمارے خوابوں کی تعبیر ہے، 23 مارچ 1940 کو ہمارے بزرگوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کیا، شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا خطے میں امن اور سلامتی کے مخالفین کو خیر سگالی کا پیغام دیتے ہیں، سری لنکن صدر کی پریڈ میں شرکت پر شکر گزار ہیں۔
یوم پاکستان،قومی ترانہ کی ویڈیو دیکھیں: