وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دوسری عدالت میں وہ شخص جو آئین اور قانون کی پاسداری میں ہفتے میں تین تین دن پیش ہو رہا ہے اسے استثنیٰ نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا شوہر اور بیٹی کلثوم نواز کی عیادت کیلئے جانا چاہتے ہیں مگر انھیں اجازت نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا نیب میں آصف زرداری کے ریکارڈ ہی غائب ہو چکے ہیں، سابق دور حکومت میں آصف زرداری کے ہاتھ دوسروں کی جیبوں میں تھے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کے پی کے میں کسی ہسپتال اور سکول کی حالت زار بہتر نہیں کی جاسکی، 2013 سے اب تک عمران خان کا جھوٹ اور الزامات کا وطیرہ نہیں بدلا ہے۔
لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو استثنیٰ نہیں مل رہا لیکن عمران خان کو مل گیا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے عدالت میں پیش ہونا گوارہ نہیں کیا، انصاف کا معیار اور برابری ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا عمران خان کیخلاف حنیف عباسی کی نظرثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوئی، پاکستانی عوام دیکھ رہے ہیں، آئندہ الیکشن میں جواب دیں گے۔
کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا دعا کریں مشرف اور میرا اکٹھا مقدمہ چلے، کوئی طاقت ایسی ہو جو مشرف کو باہر سے بلائے۔ انہوں نے کہا اب آنے والی پارلیمنٹ پرویز مشرف کو تحفظ نہیں دے گی، سارا ڈرامہ مشرف کو بچانے کیلئے ہو رہا ہے۔