لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے خود کش حملہ آور سمیت 6 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔
سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کے دوران امن دشمنوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار دہشتگردوں نے گجومتہ میں واقع ایک مدرسے میں پناہ لے رکھی تھی جہاں وہ تخریب کاری کیلئے منصوبہ بندی کرتے تھے۔
گرفتار دہشتگردوں نے پی ایس ایل کے میچوں میں تخریب کاری کا منصوبہ بنایا تھا تاہم وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکے۔ دہشتگردوں کا اگلا ہدف آئی جی آفس اور سول سیکرٹریٹ تھا مگر حساس اداروں کی بروقت کارروائی سے امن دشمنوں کا تخریب کاری کا ایک اور منصوبہ ناکام ہوگیا۔
گرفتار دہشتگرد بیدیاں روڈ اور فیروز پورروڈ حملے میں بھی ملوث تھے، دہشتگردوں میں اسلام الحق، جہانگیر شاہ، عمران، وقارالامین اور علیم شامل ہیں جبکہ گرفتارخودکش حملہ آور کا نام لقمان بتایا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی اور حساس ادارے 9 مارچ سے دہشتگردوں کا تعاقب کر رہے تھے جو بالاآخر آج امن دشمنوں کو قانون کے شکنجے میں لانے میں کامیاب ہوگئے۔