امریکی سفارتکار بیرون ملک نہ جانے پائے، وزارت داخلہ کو خط ارسال

Last Updated On 09 April,2018 03:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کے بعد وفاقی پولیس نے کرنل جوزف کا نام مانیٹرنگ لسٹ میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ کوخط لکھ دیا۔ وزارت داخلہ سے درخواست کی گئی ہے کہ امریکی سفارتکار کو تفتیش مکمل ہونے تک پاکستان سے باہر نہ جانے دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کرنل جوزف ملک سے باہر جانیوالے ہیں، تفتیش مکمل ہونے تک کرنل جوزف کا نام مانیٹرنگ لسٹ میں ڈالا جائے اور انہیں پاکستان سے باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے.

کرنل جوزف کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کی بھی درخواست کی گئی ہے، اسلام آباد پولیس نے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو بھی خط لکھا ہے اور امریکی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو ملک سے باہر جانے سے روکنے کیلئے تعاون کا کہا گیا ہے۔