اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نامکمل ٹرائل پر نواز شریف کو تاحیات نااہل کردیا گیا، یہ وہی فیصلہ ہے جس سے بھٹو کو پھانسی اور بینظیر کو شہید کیا گیا، اصل فیصلہ پاکستان کے عوام کرینگے۔
وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا احتساب عدالت میں کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا ، جو فیصلہ سپریم کورٹ نے سنایا اس کا ٹرائل احتساب عدالت میں جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا ووٹرز اپنا دل چھوٹا نہ کریں ، جب کچھ نہیں ملتا تو نظریہ ضرورت کا سہارا لیا جاتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا نامکمل ٹرائل پر منتخب وزیراعظم کو نااہل کر دیا گیا ، نامعلوم لوگ منتخب وزیراعظم کی سیاست کا فیصلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا واٹس ایپ کال پر جے آئی ٹی بنی، حسین نواز کی تصویر کس نے لیک کی ؟ ان کا کہنا تھا ایسا فیصلہ طیارہ سازش کیس میں بھی آیا تھا ، آئین توڑنے والا ملک سے باہر بیٹھا ہے۔