'قوم جاننا چاہتی ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ میں نامعلوم افراد کون تھے؟'

Last Updated On 12 April,2018 09:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے پول کھل گیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں 40 لوگوں نے تفتیش کی، قوم جاننا چاہتی ہے جے آئی ٹی کی رپورٹ میں نامعلوم افراد کون تھے ؟ واجد ضیا نے کہا ان 40 افراد کا نہیں بتا سکتا۔

سابق وزیراعظم نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہر روز نئے راز افشا ہو رہے ہیں ، نا انصافی پوری قوم کو نظر آ رہی ہے، مقدمے کے حقائق سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کیس میں بد عنوانی آج تک کسی کو نظر نہیں آئی، آپ جے آئی ٹی کے سربراہ ضرور تھے مگر قوم کے مالک نہیں، قوم جاننا چاہتی ہے کہ نامعلوم افراد کہاں سے آئے؟۔

نواز شریف کا کہنا تھا سپریم کورٹ کا اقامہ پر فیصلہ غلط ثابت ہوا، احتساب عدالت میں اس کے حقائق بھی سامنے آئے، ملک کی تقدیر کا کون فیصلہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا جو لوگ چھوڑ کر گئے وہ مفاد پرست ہیں، جو میرے ساتھ کھڑے ہیں، ان کو سونے سے تولنے کے برابر ہیں۔