کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کراچی کے دورے پر پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر پارٹی عہدیداروں اور کارکنان نے استقبال کیا۔
وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ن لیگ کی صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی بار کراچی پہنچ گئے، انکی آمد سے قبل ایئر پورٹ پر کارکنان پہنچ گئے۔ انہوں نے ہاتھوں میں جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ شہباز شریف کارکنان کو جھلک دکھائے بغیر گورنر ہاوس روانہ ہو گئے جہاں وہ مسلم لیگ (ن) سندھ اور کراچی کے عہدیداران ملاقات کریں گے۔
میاں شہباز شریف گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مسلم لیگ کے کارکنوں، مسلم لیگ لائرز فورم، نمایاں صنعت کاروں، نوجوانوں اور سینئر صحافیوں کے وفود سے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کریں گے، گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، میاں شہباز شریف مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن میں بھی شریک ہوں گے۔