کراچی: (دنیا نیوز) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 'مرسوں، مرسوں' سندھ نہ ڈیسوں' نعرے کا مطلب مرسوں مرسوں کوئی کام نہ کر سوں تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ نے کراچی میں امن بحال کیا ، سندھ کو بنیادی سہولیات بھی ہم ہی فراہم کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ن لیگ کی صدارت سنبھالنے کے بعد پہلی بار کراچی پہنچ گئے، انکی آمد سے قبل ایئر پورٹ پر کارکنان پہنچ گئے۔ انہوں نے ہاتھوں میں جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ شہباز شریف کارکنان کو جھلک دکھائے بغیر گورنر ہاوس روانہ ہو گئے جہاں وہ مسلم لیگ (ن) سندھ اور کراچی کے عہدیداران ملاقات کریں گے۔
میاں شہباز شریف گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ مسلم لیگ کے کارکنوں، مسلم لیگ لائرز فورم، نمایاں صنعت کاروں، نوجوانوں اور سینئر صحافیوں کے وفود سے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کریں گے، گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، میاں شہباز شریف مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن میں بھی شریک ہوں گے۔