راولپنڈی: (دنیا نیوز) چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ آئے روز مجھے ٹکٹ دینے سے متعلق بیان داغ دیئے جاتے ہیں، ٹکٹ دینے یا نہ دینے کا سوال تو اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کوئی ٹکٹ کا طلبگار ہو، نہ پہلے ٹکٹ مانگی نہ آئندہ درخواست دوں گا۔
سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے نوازشریف کی طرف سے ٹکٹ دینے یا نہ دینے کے فیصلے سے متعلق مریم نواز کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ ان سے ٹکٹ کس نے مانگا ہے؟ ہر دوسرے دن مجھے ٹکٹ دینے یا نہ دینے کے بارے میں کوئی نہ کوئی بیان داغ دیتا ہے، ان بیانات سے لگتا ہے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ آئندہ الیکشن میں مجھے ٹکٹ دینا یا نہ دینا ہے ، 35 سالہ سیاسی زندگی میں نہ پہلے ٹکٹ مانگی نہ آئندہ درخواست دوں گا۔
چودھری نثار کا کہنا ہے کہ ٹکٹ دینے یا نہ دینے کا سوال تو اس وقت پیدا ہوتا ہے جب کوئی ٹکٹ کا طلبگار ہو ، میری طاقت اللہ تعالی پرایمان اور حلقہ کی عوام کا اعتماد ہے ، جو 1985 سے میرے ساتھ رہا، امید ہے انشاء اللہ آئندہ بھی رہے گا ، اللہ تعالی ایسا وقت نہ لائے کہ میں کسی کے ٹکٹ کا محتاج ہوں۔