وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے چودھری نثار کی لاہور میں ملاقات

Last Updated On 02 April,2018 04:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے لاہور میں ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماوں کے درمیان ملاقات ایوان وزیر اعلیٰ ماڈل ٹاون لاہور میں ہوئی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوں کی ملاقات 45 منٹ جاری رہی۔ ملاقات میں پارٹی اختلافات پر بھی بات چیت ہوئی۔

چودھری نثار کا کہنا تھا اداروں کے درمیان محاذ آرائی نہیں ہونی چاہیے، یہ کسی صورت بھی جمہوریت اور ملکی استحاکم کیلئے سود مند نہیں ہوگی۔ شہباز شریف کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اداروں کی مصالحت کی بات کی ہے اور اسی پالیسی پر گامزن رہے گی لیکن ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہ کر ہی کام کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ چوہدری نثار اور اعلیٰ قیادت میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں جن کا اظہار سابق وزیر داخلہ اپنی پریس کانفرنس میں کئی بار کر چکے ہیں۔ گزشتہ روز نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا نواز شریف سے پہلے والا رابطہ نہیں، ن لیگ سے رشتہ قائم رکھنا چاہتا ہوں، آئندہ ہفتے فیصلہ کروں گا کہ الیکشن کس پلیٹ فارم سے لڑنا ہے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نون لیگ کو گھر کی لونڈی بنایا گیا تو شاید رشتہ نہ رہے۔ چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد اداروں میں نرمی پیدا کرنا تھا۔ ابہام دور نہیں ہوا، خدشہ ہے شہبازشریف کو کام کا مینڈیٹ نہیں ملے گا۔